سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات مسلم لیگ نواز یوتھ ونگ آزاد جموں و کشمیر شرافت علی خلجی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض ہندوستانی فورسز کی جانب سے اسلامی اور تاریخ کشمیر کی کتابیں اور کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی انتہاء پسندوں کی جانب سے کشمیر کی تاریخ اور کلچر مٹانے کی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ 05 اگست 2019ء کے غیر آئینی غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام کے بعد ہندوستان تسلسل سے ایسی مذموم کارروائیاں کر رہا ہے، ہندوستان کا نشانہ کشمیری مسلمان ہیں۔انھوں نے کہا کہ بھارتی انتہاء پسند حکمران آر ایس ایس کے ایجنڈے کے تحت مسلمانوں کی شناخت مٹانے، ان کی تاریخ کو تبدیل کرنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی نئی نسل کو گمراہ کرنے کے لیے اسکولوں میں ہندوتوا نظریے پر مبنی نصاب مسلط کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان نے انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھا کر کشمیریوں کا بدترین قتل عام کر کے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے میں ناکام رہا ہے اب ڈیموگرافی کی تبدیلی اور کشمیریوں کی تاریخ اور تشخص مٹانے کی بھی مذموم کوشش کر رہا ہے جس میں اسے اللہ تعالیٰ کے فضل سے ناکامی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہندوستان کی اس بربریت اور انتہاپسندی کا نوٹس لیں۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان اس خطے میں دہشتگردی کا ماسٹرمائنڈ ہے، ہندوستان کے مذموم ہتھکنڈوں کی وجہ سے سارے خطے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے۔
بھارتی انتہاء پسندوں کی جانب سے کشمیر کی تاریخ اور کلچر مٹانے کی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہو گی، شرافت خلجی
