سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات مولانا پیر مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں اور فلسطینیوں کو غیر ملکی قبضے سے آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی۔ ذرائع کے مطابق پیر مظہر نے ان خیالات کا اظہار باغ آزاد جموں و کشمیر میں علامہ اقبال اسکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر مظہر نے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں نے طاقتور ملکوں کا مقابلہ کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ آزادی کے بغیر کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔ وزیر اطلاعات نے تحریک آزادی کشمیر کے اس اہم مرحلے پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے مکروہ چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت دنیا بھر میں انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھانے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، کشمیر کی جدوجہد آزادی کشمیریوں کے پیدائشی حق یعنی حق خودارادیت کے حصول تک جاری رہے گی۔ وزیر اطلاعات نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو شیلڈز اور میڈلز پیش کیے اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔
دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں اور فلسطینیوں کو بنیادی حقوق سے محروم نہیں کر سکتی، مظہر سعید
