سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور متحدہ مجلس علماء کے صدر میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری مسلمانوں سمیت پوری امتِ مسلمہ کو ماہِ رمضان کی دلی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان ایک مقدس مہینہ ہے جس میں روزہ، نماز، تدبر و تفکر اور قرآن کریم کی تلاوت اور دینی تعلیمات سے وابستگی کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے قریب ہونے کا موقع ملتا ہے۔ ذرائع کے مطابق میرواعظ نے اس مبارک مہینے کی روحانی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مسلمانوں کو صبر، عاجزی اور سخاوت اختیار کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے عبادات میں تیزی لانے، قرآن کریم سے مضبوط تعلق اور ضرورت مندوں کے ساتھ ہمدردی اور خیرات کے عمل کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ رمضان تمام مسلمانوں کے لیے امن، خوشی اور روحانی ترقی کا باعث بنے۔ دریں اثنا انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اس امید کا اظہار کیا کہ بھارتی انتظامیہ رمضان المبارک کے دوران میرواعظ کی دینی، دعوتی، تبلیغی اور اصلاحی سرگرمیوں پر کسی بھی قسم کی پابندی عائد کرنے سے گریز کریں گے تاکہ عقیدت مند بڑی تعداد میں ان کے مواعظ حسنہ سے مستفید ہو سکیں۔
میر واعظ کی امت مسلمہ کو رماہ رمضان کی مبارک
