سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ جماعت اسلامی آزادجموں و کشمیر کے سابق امیر اور امور کشمیر کے بارے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان کے مشیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کی تہذیب و تشخص کو ختم کرنے کے لئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق عبدالرشید ترابی نے یہ بات دورہ قطر کے دوران مختلف شخصیات اور وفود سے ملاقاتوں میں کہی۔ انہوں نے دورے کے دوران رئیس اتحاد العالمی لعلما المسلمین ڈاکٹر علی محی الدین قرہ داغی کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی اور مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیری مسلمانوں کی تحریک حق خودارادیت کی ہمیشہ دلجوئی کی ہے۔ عبدالرشید ترابی نے انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کی تہذیب و تشخص ختم کرنے کے لئے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ وہ مقبوضہ ریاست میں اپنے مذموم عزائم کے ذریعے جماعت اسلامی اور دیگر حریت پسند تنظیموں کو ختم کرنا چاہتا ہے۔ جماعت اسلامی پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ اس سے وابستہ دیگر ادارے اور اثاثے ضبط کئے ہیں اور بدستور ضبط کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے امیر جماعت اسلامی سمیت ہزاروں کارکنان اور اسی طرح دیگر جماعتوں کے بے شمار افراد جیلوں میں پابند سلاسل ہیں۔
بھارت کشمیری مسلمانوں کی تہذیب و تشخص مٹانے کے لئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، رشید ترابی
