Input your search keywords and press Enter.

میر واعظ کی شہداء کے خلاف بی جے پی لیڈر کے اشتعال انگیز بیان کی مذمت

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور عوامی مجلس عمل کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے اسمبلی میں تقریر کے دوران 13 جولائی 1931ء کے شہداء کے خلاف بی جے پی رہنما سنیل شرما کے اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ذرائع کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 13جولائی 1931ء کے شہداء کے حوالے سے اسمبلی میں بی جے پی کے ایک رکن کے اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، جنہیں جموں و کشمیر اور مظلوم کشمیری عوام کے حقوق اور وقار کے لیے کھڑے ہونے کی وجہ سے بہیمانہ طریقے سے شہید کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہر کوئی 1931ء کے شہداء کا احترام کرتا ہے اور انہیں بدنام کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 13جولائی 1931ء کو مہاراجہ ہری سنگھ کے خلاف احتجاج کے دوران ڈوگرہ فوجیوں نے 20 سے زائد نہتے مظاہرین کو شہید کر دیا تھا۔

دریں اثناء انجمن شرعی شیعیان کے صدر اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بی جے پی لیڈر کی طرف سے 13جولائی کے شہداء کے بارے میں استعمال کی گئی نازیبا زبان کی شدید مذمت کی ہے۔ آغا حسن نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ 13جولائی کے شہداء شہری اور سیاسی حقوق کے لیے جموں و کشمیر کی طویل جدوجہد کا ثبوت ہیں۔لیکن بی جے پی اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ کو دوبارہ لکھنے اور منظم طریقے سے ایسے اہم واقعات کو تاریخ سے مٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے