Input your search keywords and press Enter.

آزاد کشمیر پولیس کے 60ویں ریکروٹ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کا انعقاد

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ آزاد کشمیر پولیس کے 60ویں ریکروٹ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب پولیس لائن مظفرآباد میں منعقد ہوئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور 60ویں ریکروٹ کورس میں نمایاں کارکردگی پر جوانوں کو حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات دیے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر رانا عبدالجبار ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر 60 ویں ریکروٹ کورس کو مکمل کرنے والے ریکروٹس سے حلف لیا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر رانا عبدالجبار نے مہمان خصوصی وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا بالخصوص اور دیگر معزز مہمانان، شرکاء کا پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کو درپیش نئے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے اینٹی رائٹ فورس کے قیام کا جو ہم نے وعدہ کیا تھا الحمدللہ آج پایہ تکمیل تک پہنچ چکا ہے، آج ہم فخر سے کہ سکتے ہیں کہ ترکش ماڈل پر تربیت حاصل کرنے والے یہ ریکروٹ شہریوں کو امن فراہم کرنے کیلئے اپنی جان دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ آج ہم یہ کہنے میں حق بجانب ہیں کہ یہ ریکروٹس ریاست کی دی گئی طاقت کا استعمال قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کریں گے اور بدامنی پھیلانے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ ہم نے سکیورٹی کو درپیش نئے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے آزاد کشمیر پولیس کے استعداد کار کو بڑھانے کیلئے اہداف مقرر کیے ہیں جن میں جدید طرز کا کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور ٹریننگ سنٹرز شامل ہیں جو پولیس فورس کے جوانوں کو انوسٹی گیشن کی جدید تیکنیکس سے روشناس کرے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے درکار وسائل فراہم کئے جس کی مثال نہیں ملتی، آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں شہریوں کو فوری سہولیات کی فراہمی کیلئے خدمت مراکز کا قیام بھی موجودہ حکومت کا بہترین کارنامہ ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے مالی بحران کے باوجود محکمہ پولیس کی ترقی کیلئے درکار وسائل فراہم کئے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر رانا عبدالجبار نے پاس آئوٹ ہونے والے جوانوں اور تربیت فراہم کرنے والے اساتذہ کو مبارکباد دی۔ پاسنگ آئوٹ تقریب کے اختتام پر مظاہرین کی جانب سے مختلف شکلوں میں کئے گئے احتجاج کے خلاف نبرد آزما ہونے کیلئے اینٹی رائٹ دستوں نے جدید طریقوں پر مشتمل شاندار عملی مشقوں کا مظاہرہ کر کے شرکاء کی جانب سے داد وصول کی۔ تقریب میں سینئر موسٹ وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور، وزراء حکومت فیصل ممتاز راٹھور، چوہدری اظہر صادق، دیوان علی خان چغتائی، جاوید بڈھانوی، عامر یاسین چوہدری، مشیر حکومت محترمہ نثارہ عباسی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل محترمہ مدحت شہزاد، سیکرٹریز حکومت، اعلی سول و فوجی حکام اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے