سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ بھارت 5thجنریشن وار کے ذریعے نوجوانوان میں انتشار پید اکرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری انوار الحق نے میرپور میں آزاد جموں و کشمیر پولیس کے 60ویں ریکروٹ کورس کی پاسنگ آوٹ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کا مقصد نوجوانوں کے اذہان میں انتشار کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن انتہائی مکار ہے، عیار ہے جو یہاں بدامنی پھیلانا چاہتا ہے، دشمن کبھی بھی پاکستان کی سرحدوں کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا لیکن سیاسی انتشار پھیلا کر بدامنی کو فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے اگر مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت بند نہ کیا تو کشمیری نوجوانواں کو خونی لکیر کراس کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ محافظ اور قابض افواج میں فرق کرنا ہے، ہم پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر پولیس کی پروفیشنل استعداد کار بڑھانے کیلئے ایک ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر پولیس کا خوبصورت ماضی، شاندار حال اور روشن مستقبل ہے۔ حکومت پولیس کو وسائل کی فراہمی ہر ممکن طور پر یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی بہتری کے لیے 4 ارب روپے کی خطیر رقم درکار ہے، پہلے مرحلے میں اس سال ایک ارب روپے دیے جائیں گے۔
بھارت 5th جنریشن وار کے ذریعے کشمیری نوجوانوان میں انتشار پیدا کر رہا ہے، چوہدری انوار الحق
