Input your search keywords and press Enter.

غیر قانونی بھارتی قبضے میں کشمیریوں کے وجود کو سنگین خطرات لاحق ہیں، حریت کانفرنس

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں اور بیگناہ کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی بلاجواز کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشنوں کے دوران بیگناہ نوجوانوں کو گرفتار کر کے عقوبت خانوں میں پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار نوجوانون پر بعد ازاں کالے قوانین لاگو کر کے انہیں برسہا برس کے لیے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی بھارتی تسلط میں کشمیریوں کے وجود کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی ہندوتوا بھارتی حکومت کشمیریوں کو ان کی پہنچان اور شناخت سے محروم کرنے کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بیگناہ کشمیریوں کے قتل کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد جمہوریت ملک بھارت مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارت کا محاسہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا کہ تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے