سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ذمہ داری کے کلچر کو فروغ دے کر سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹ اور انتشار پھیلانے والے کلچر کی حوصلہ شکنی کی جا سکتی ہے۔ مثبت چیز کو خبر بنائیں، سچ کو پروموٹ کریں اور معاشرے کا مثبت چہرہ لوگوں کو دکھایا جائے۔ سوشل میڈیا کے منفی استعمال کیوجہ سے فیک نیوز اور سماجی پولرائزیشن جیسے مسائل نے جنم لیا ہے۔ سوشل میڈیا کی وجہ سے لینڈ سکیپ تبدیل ہو رہا ہے۔ بدلتے ہوئے حالات میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ محکمہ اطلاعات کے افسران حکومت کی نیک نامی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سوشل میڈیا کے دور میں جدید ٹولز کو بروئے کار لایا جائے، اپنی استعداد کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر کے آفیسران کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات سردار عدنان خورشید، ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس، ناظم اطلاعات محمد بشیر مرزا، محکمہ اطلاعات کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی افسران نے وزیر اطلاعات کو اپنی کارکردگی بارے بریفنگ بھی دی۔ وزیر اطلاعات نے مجموعی طور پر محکمہ اطلاعات کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے محکمانہ آفیسران کو ہدایت کی کہ حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے ریاست بھر میں لگائے گئے ترقیاتی کاموں کی بھرپور تشہیر کی جائے اور مستند معلومات عوام تک پہنچائی جائیں۔ عوام کی آراء کو حکومت تک پہچانے میں میڈیا کا اہم کردار ہے، میڈیا سے روابط کو مزید مستحکم بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا آن لائن ماحول تخلیق کرنے کی ضرورت ہے جو ہماری فلاح و بہبود اور سماجی ہم آہنگی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے بجائے مزید اضافہ کرے۔
