سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے سوشل میڈیا پر آزادی پسند بیانیے کو فروغ دینے کے الزام پر ضلع سرینگر میں ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار نوجوان کی شناخت شوکت احمد ڈار کے نام سے ہوئی ہے جو دودھ محلہ، شالیمار کا رہائشی ہے۔ قابض حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شوکت اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ کو آزادی پسند سرگرمیوں کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے کے لئے استعمال کر رہا تھا۔ قابض حکام اپنے جابرانہ اقدامات کو جواز فراہم کرنے کے لیے اکثر اس طرح کے الزامات لگاتے رہتے ہیں۔ حکام نے 8 مارچ کو ضلع بڈگام میں بھی اسی طرح کے الزامات پر چھ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں اختلافی آوازوں کو دبانے اور سوشل میڈیا صارفین کی آزادی کو چھیننے کی دانستہ کوششوں کا حصہ ہیں۔
سوشل میڈیا پر آزادی پسند بیانیے کو فروغ دینے کے الزام پر سرینگر میں کشمیری نوجوان گرفتار
