سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کیلئے تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے ایک تاریخی قرارداد منظور کر رکھی ہے جس پر بھارت نے بھی دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس قرارداد پر عملدر آمد کے بجائے کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے او اس نے اپنی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کیوجہ سے خطے کو مستقل طور پر ایک غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے علاقے میں دس لاکھ کے قریب فورسز اہلکار تعینات کر رکھے ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا خطہ مانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ کشمیریوں کو محصور رکھا ہے اور ان کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی رہنما کشمیر کے حوالے سے تاریخی حقائق کو مسخ اور تمام اصول اور اخلاقیات پامال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور اس کے جارحانہ طرز عمل کا نوٹس لینا چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے اور وہ کشمیری مسلمانوں کو اپنی شناخت، تہذیب و تمدن سے محروم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے، وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کا ایک زبردست حامی و وکیل ہے جو ہر عالمی فورم پر مقبوضہ علاقے کے لوگوں کی بھرپور ترجمانی کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں مستقل امن قائم ہو سکے۔ ترجمان نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے پاکستان اور کشمیر سے متعلق حالیہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ جما رکھا ہے اور وہ اپنے بے بنیاد اور جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کی آنکھوں میں ہرگز دھول نہیں جھونک سکتا۔ دریں اثنا ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد اور دیگر علاقوں میں 23 مارچ کو منائے جانے والے ”یوم پاکستان“ کے حوالے سے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔ پوسٹروں کے ذریعے پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیری دراصل تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر بھارتی چنگل سے آزاد ہو کر مملکت خداداد کا حصہ بنے گا۔
