Input your search keywords and press Enter.

قرارداد پاکستان ہمیں اجتماعیت اور یکجہتی کا درس دیتی ہے، انوارالحق

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں 23 مارچ 1940ء کو منظور کی گئی قرارداد پاکستان ہماری تاریخ کا رخ موڑنے والا لمحہ تھا۔ شدید مخالفت کے باوجود ہمارے قائدین نے آزاد پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، جب انہوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ مملکت کے قیام کی بنیاد رکھی اور اس تاریخی جدوجہد میں کشمیری قیادت بھی پیش پیش رہی۔ لاہور کے اجتماع میں کشمیری قیادت کی شرکت نے پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان لازوال رشتے کی بنیاد رکھی۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ قرارداد پاکستان ہمیں اجتماعیت اور یکجہتی کا درس دیتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی جدوجہد دراصل تحریکِ تکمیلِ پاکستان ہے، جسے کشمیری عوام نے اپنے خون سے زندہ رکھا ہوا ہے۔کشمیری ”بائی چوائس” پاکستانی ہیں اور پاکستان کو اپنی امیدوں اور آرزوؤں کا مرکز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں نے نہ صرف قیام پاکستان کی تحریک میں مسلمانانِ ہند کے ساتھ بھرپور کردار ادا کیا بلکہ 14 اگست 1947ء سے پہلے ہی پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعلان کر دیا تھا۔ دنیا میں پاکستان سے زیادہ کشمیریوں کا کوئی ہمدرد نہیں۔ انشاءاللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور پاکستان کی تکمیل، الحاقِ کشمیر کے ذریعے مکمل ہو گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ قیام پاکستان نے جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد کو ایک نئی تحریک اور نیا ولولہ دیا۔پاکستان اور کشمیر نظریاتی، جغرافیائی، تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، جنہیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے