سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام کے صبر و استقامت اور عزم و ہمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کے لیے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ نے اپنے عید پیغامات میں شدید مشکلات کے باوجود آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیری عوام اور حریت قیادت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص غیر ملکی قبضے اور جبر سے متاثرہ مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغامات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت اور اس کی افواج کی طرف سے جاری ظالمانہ ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بھارتی حکومت تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لئے کوئی نیا ڈرامہ رچا سکتی ہے اور علاقے میں حالات معمول کے مطابق ظاہر کر کے تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے جھوٹا بیانیہ پیش کر سکتی ہے۔انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ کشمیریوں کو درپیش مشکلات کو دور کرے اور انہیں آزادی اور سکون نصیب کرے۔ انہوں نے کشمیر کاز کے لیے قربانیاں دینے والے کشمیری عوام کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے حق خودارادیت کے مطالبے کو آگے بڑھانے میں جیلوں کے اندر اور باہر حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی کوششوں کی تعریف کی۔
حریت کانفرنس کا مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
