Input your search keywords and press Enter.

مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے دفتر حوالے سے لیفٹیننٹ گورنر کا بیان مضحکہ خیز ہے، حریت کانفرنس

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے علاقے میں اقوام متحدہ کے دفتر کی بندش کے حوالے سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے اور کشمیری اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں اقوام متحدہ کے دفتر کی موجودگی علاقے کے متنازعہ ہونے کا ایک واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منوج سنہا کی طرف سے اقوام متحدہ کے دفتر کو بند کرنے کا بیان دنیا کو گمراہ کرنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنے بے بنیاد بیانیے کے ذریعے دنیا کی آنکھوں میں ہرگز دھول نہیں جھونک سکتا۔ نئی دلی کے مسلط کر دہ لیفٹیننٹ گورنر نے آج سرینگر میں ایک انٹرویو میں علاقے میں حالات کی بہتری کا بے بنیاد دعوی کرتے ہوئے کہا کہ اب یہاں اقوام متحدہ کی دفتر کی ضرورت نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر خطے میں پائیدار امن و استحکام کی راہ میں ایک بنیادی رکاوٹ ہے، بھارت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے ماحول کو سازگار بنائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے