سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ نیشنل کانفرنس کے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا روح اللہ مہدی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی کلیئرنس کے نام پر کشمیریوں کو ہراساں کئے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آغا سید روح اللہ مہدی نے بھارتی پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ سکیورٹی کلیئرنس کے نام پر آزادی پسند کشمیریوں اور ان کے اہلخانہ کو انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ "اگر کوئی کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں شامل پایا جاتا ہے، تو اس کے پورے خاندان اور دیگر رشتہ داروں کو بدترین انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اس کی ملازمت کیلئے سکیورٹی کلیئرنس، پاسپورٹ کی منظوری، حکومتی معاہدوں اور کاروباری کیلئے دیگر منظوریوں سے بھی منظم طریقے سے انکار کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی آئین اور قانون کے خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے یہ مسئلہ بھارتی وزارت داخلہ کے ساتھ اٹھایا تھا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔
قابض انتظامیہ سکیورٹی کلیئرنس کے نام پر کشمیریوں کو ہراساں کر رہے ہیں، روح اللہ مہدی
