سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے اپنا یہ مطالبہ دہرایا ہے کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطے جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین پامالیوں کے جائزے کے لیے اپنی ایک ٹیم علاقے میں بھیجے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزارت داخلہ نے فورسز اور ایجنسیوں کو نہتے کشمیریوں کو تختہ مشق بنانے کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ، پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت کشمیریوں کا جینا دشوار کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت نے سینئر حریت قیادت کے حوصلے توڑنے کیلئے اسے گزشتہ کئی برس سے قید میں رکھا ہے لیکن وہ حق پر مبنی اپنے موقف پر چٹان کی طرح کھڑی ہے اور بھارتی جبر اور قبضے کے خلاف جرات کی علامت بن کر ابھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی پسند کشمیری عوام بی جے پی اور آر ایس ایس کے کشمیر مخالف ایجنڈے کو فروغ دینے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ باالاخر فتح حق و صداقت کی ہو گی اور جھوٹ، منافقت اور ظلم و جبر کو شکست ہو گی۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو کچلنے کے لیے ہر گھنائونا حربہ استعمال کر رہا ہے لیکن وہ مودی کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کشمیریوں کی شناخت اور جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی پہچان کو مٹانے کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ بیان میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ بھارتی ایجنسیاں حریت کیمپ کو نشانہ بنانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی گھنائونی اور غیر انسانی کارروائی نام نہاد بھارتی جمہوریت کے لیے مزید شرمندگی اور توہین کا باعث بنے گی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و ترقی کیلئے تنازعہ کشمیر کا کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے، کشمیریوں نے اس مقصد کے لیے ہزاروں جانوں کی قربانی دی ہے اور وہ شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
