سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد:) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی ایک بار پھر شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کے غیر متزلزل سیاسی،سفارتی اور اخلاقی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیر نیوز کے مطابق بلاول بھٹو نے ایک بیان میں کہا کہ 5اگست کا دن جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے جب 2019میں بھارت نے جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کر کے نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں بلکہ کشمیری عوام کی خواہشات کو بھی ایک بار پھر روند ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران بی جے پی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نوآبادیاتی عزائم پر مبنی پالیسیوں کو تیزی سے نافذ کیا ہے جن کا مقصد کشمیریوں کی شناخت کو مٹانا، ان کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنا اور انہیں سیاسی طور پر بے اختیار بنانا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے مودی حکومت کی طرف سے حلقہ بندیوں میں غیر منصفانہ رد و بدل، غیر کشمیریوں کو ووٹر لسٹوں میں شامل کرنے اور بیرونی افراد کو ڈومیسائل جاری کرنے جیسے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام اقدامات مقبوضہ جموں وکشمیر کو کشمیریوں کے ہاتھوں سے چھیننے کی سازش کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف غیر قانونی ہی نہیں بلکہ پوری ایک قوم کے خلاف جارحیت ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ یومِ استحصال نہ صرف بھارتی اقدامات کی مذمت کا دن ہے بلکہ یہ موقع ہے کہ ہم پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ اپنے پختہ عزم اور اخوت کا اعادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور خاص طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم تب تک سکھ کا سانس نہیں لیں گے جب تک انہیں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی کشمیر کاز سے تاحیات وابستگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی میراث کو آگے بڑھاتے رہیں گے اور کشمیر کے لوگوں کو ان کی تاریک گھڑی میں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام کی جرات اور مزاحمت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی جدوجہد صرف زمین کی نہیں بلکہ شناخت، انصاف اور آزادی کی ہے، یہ جدوجہد ہر اس قوم کے لئے قابلِ احترام ہے جو جمہوریت اور انسانی وقار پر یقین رکھتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر پاکستان کی مستقل سفارتی اور حکمتِ عملی کی کوششوں پر فخر کا اظہار کی
ا۔
