سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (برسلز):یورپی ہیڈ کوارٹر برسلز میں پاکستان کے سفارتخانے کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں بھارت کے 5 اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے چھ سال مکمل ہونے پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
کشمیر نیوز کے مطابق تقریب کے آغاز پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، اور نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جن میں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کااعادہ کیاگیاہے ۔ اس موقع پر مقررین نے کشمیری عوام کے درد، صبر اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا ۔پاکستان پریس کلب بیلجیم کے صدر عمران ثاقب نے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو اجاگر کرتے ہوئے پراثر اشعار پیش کیے۔کشمیر پیس فورم کے صدر چوہدری ناصر نے کشمیری عوام پر دہائیوں سے ڈھائے جانیوالی بھارتی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر آوا ز بلند کرنے پر زوردیا۔کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرئے۔ یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے اپنے خطاب میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی مذموم کوششوں کی شدید مذمت کی۔ پاکستانی سفارتخانے برسلزمیں ایک تصویری نمائش کا اہتمام کیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم ،انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں اورکشمیریوں کو درپیش مشکلات کی عکاسی کی گئی تھی۔ تقریب میں پاکستانیوں، صحافیوں، طلبہ اور دیگرنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا نے جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا اور ہر بین الاقوامی فورم پر ان کے حق میں آواز بلند کرنے کے عزم کو دہرایا ۔
