سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (کراچی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کو بھارت کی آبی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس کا بدلہ لیں گے۔
کامران ٹیسوری نے گورنر ہائوس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پانی چھوڑ کر پاکستان پر آبی دہشت گردی مسلط کی جس سے مختلف دریا ئوںمیں سیلابی صورت حال ہے۔انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی آبی دہشت گردی کا معاملہ اقوام متحدہ اور دیگرعالمی فورمز پر اس طرح اٹھائیں جس طرح بھارتی حملے کا معاملہ اٹھایا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت سے پنجاب کے بعد اب سندھ میں سیلاب کا امکان ہے، بھارت کی آبی جارحیت سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے، مودی سن لے یہ جارحیت آپ کو آئندہ الیکشن میں کامیاب نہیں کرواسکے گی۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان پر حملے کے حوالے سے مودی پر سوالات اٹھ رہے ہیں اسی وجہ سے اس نے اب پاکستان کو آبی دہشت گردی کا نشانہ بنایا ہے مگر پاکستان مودی کی آبی جارحیت دنیا کے سامنے رکھے گا۔گورنر نے کہا کہ ہم اس آبی جارجیت کا بدلہ لیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی کی بزدلانہ کارروائیاں اس کی شکست کو ظاہر کرتی ہیں۔
