
سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد ): پاکستان علما ء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر محمود اشرفی نے پاک سعودی دفاعی معاہدے کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ اس کے دیرپا اثرات مرتب ہونگے، مسلم ممالک کے درمیان گہرا اتحاد قائم ہو گا اور کشمیری اور فلسطینی عوام کی جائز آزادی کی تحریکوں کو تقویت ملے گی۔
مولانا طاہر محمود اشرفی نے ایک مقامی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عالم اسلام کو متحد کرنے اور اس کے عالمی موقف کو مضبوط بنانے کے لیے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کی تعریف کی۔انہوں نے ولی عہد کی قیادت کو مسلم ممالک کے درمیان تعاون اور یکجہتی کو فروغ دینے میں رہنما قوت کے طور پر اجاگر کیا۔طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ مسلم اتحاد کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا اور کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حقوق اور آزادی کے لیے جاری جدوجہد کو تقویت دے گا۔انہوں نے اس معاہدے کو ان جائز مقاصد کی مدد کے لئے اسلامی ممالک کے درمیان عظیم اتحاد اور یکجہتی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ دفاعی معاہدہ نہ صرف بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ میں اضافہ کرے گا بلکہ مزید اسٹریٹجک شراکت داری کے دروازے بھی کھولے گا۔مولانا اشرفی نے پیشین گوئی کی کہ آنے والے دنوں میں دیگر ممالک بھی اسی طرح کے معاہدوں کے ساتھ آگے بڑھیں گے، جس سے مسلم دنیا میں اتحاد مزید مستحکم ہوگا۔انہوں نے سعودی عرب کے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کی پرتپاک مہمان نوازی کی بھی تعریف کی اور اسے دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا عکاس قرار دیا۔مولانا اشرفی نے کہا کہ اس طرح کے رویوں سے باہمی احترام اور اعتماد کو مزید تقویت ملتی ہے جس سے دوطرفہ تعاون کو مضبوط کرنے کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا ہنگامہ آرائی کا شکار ہے جبکہ پاک سعودی معاہدہ ایک طاقتور اتحاد کا مظاہرہ ہے جس نے اسرائیل کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ کشمیریوں کی آزادی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔