Input your search keywords and press Enter.

جموں و کشمیر میں نئے ڈومیسائل ضابطے نافذ

جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے آٹھ ماہ بعد بھارت کی نریندر مودی حکومت نے بدھ یکم اپریل کو جموں و کشمیر کے لیے نئے ڈومیسائل ضابطے نافذ کردیے۔
بھارت میں کورونا وبا کے بحران کے درمیان جموں و کشمیر کے حوالے سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی مودی حکو مت کے اس تازہ ترین اقدام کی کشمیر کی متعدد سیاسی جماعتوں نے نکتہ چینی کی ہے۔
وفاقی حکومت کی طرف سے جاری گزٹ نوٹیفکیشن میں جموں و کشمیر کے ڈومیسائل (رہائشی) کی نئی تعریف مقرر کی گئی ہے اور ملازمت کے لیے کچھ نئے ضابطے بھی شامل کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جو بھی شخص جموں و کشمیر میں پندرہ برس تک رہائش پذیر رہا ہویا جس نے وہاں سات برس تک تعلیم حاصل کی ہو اور دسویں اوربارہویں جماعت کے امتحانات وہیں کے کسی ادارہ سے دیا ہو وہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا حقدار ہوگا۔ ایسا شخص سرکاری ملازمتوں کا اہل اور غیرمنقولہ جائیداد کا مالک بھی بن سکتا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ بی جے پی حکومت نے گزشتہ برس پانچ اگست کو جموں و کشمیر کو خصوصی آئینی حیثیت دینے والی دفعہ 370کے ساتھ ساتھ دفعہ 35اے کو بھی ختم کردیا تھا جس کے تحت یہ طے ہوتا تھا کہ کون شخص ریاست کا رہائشی ہے۔ ملازمت اور جائیداد کی ملکیت کے فیصلے بھی اسی دفعہ کے تحت ہوتے تھے۔مودی حکومت نے اسی کے ساتھ ریاست جموں و کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقو ں ’جموں و کشمیر‘  اور’لداخ‘ میں تقسیم کردیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے