اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کےساتھ کل بھی کھڑی تھی آج بھی کھڑی ہے۔
تفصیلات کےمطابق آج اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نےکہا کہ بھارتی حکومت نے اس غیرقانونی اقدام کے ذریعے کشمیری عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گزشتہ سال پانچ اگست کو مودی حکومت نے غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی اور علاقے کو تین حصوں میں تقسیم کردیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیری عوام کوگزشتہ ایک سال سے جاری فوجی محاصرے کےباعث انتہائی مشکلات، مصائب اور ظلم و ستم کا سامنا ہے۔انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری پاکستانی قوم حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر میں دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑا اور کشمیر کےتنازع میں ایک نئی روح پھونکی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پر متحد ہے اور اس اتحاد کو نقصان پہنچانے کی بھارتی کوششیں پارہ پارہ ہوئی ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ کورونا وائرس سے لاک ڈاون نے کشمیریوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے دنیا کو احساس دلایا ہے جو کوروناوائرس سے پہلے بھی لاک ڈاون میں تھے۔
وزیراعظم نےجدوجہدآزادی کشمیرمیں نئی روح پھونکی ہے،شبلی فراز
وزیر اطلاعات شبلی فراز نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کہ کشمیر کیلئے جدوجہد آزادی میں وزیراعظم عمران خان نے نئی روح پھونکی، کشمیر کے عوام آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔
کشمیر کیلئے جدوجہد آزادی میں وزیراعظم عمران خان نے نئی روح پھونکی، کشمیر کے عوام آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔ کشمیر کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے آئے ہیں، حکومت پاکستان کی کشمیریوں کو مکمل حمایت حاصل ہے۔
پاکستان کشمیریوں کو نہ کل بھولاہےنہ آئندہ بھولے گا،معید یوسف
وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے، پاکستان کشمیریوں کو بھولا ہے نہ بھولے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ بھارت کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کا مرتکب ہوا، مودی کی پالیسیوں سے نجات کا واحد حل کشمیریوں کا حق خودارادیت ہے، یوم کشمیر کے موقع پر دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کیا جائے گا۔
