Input your search keywords and press Enter.

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردی جاری، گزشتہ ایک ماہ میں 20 کشمیریوں کو شہید کردیا

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ اگست میں ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے 20 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، اگست میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں خاتون سمیت 20 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

گزشتہ ماہ پرامن مظاہروں میں بھارتی فوج کی فائرنگ، شیلنگ اور پیلٹس کے استعمال سے 92 کشمیری شدید زخمی ہوئے جبکہ حریت رہنماؤں سمیت 328 کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ متعدد کشمیری نوجوانوں کو کالے قانون کے تحت گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن کے دوران سرینگر میں فائرنگ کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا اور ضلع پلوامہ میں بھی 3 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔

جعلی مقابلے کے دوران کشمیری جوانوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جبکہ بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں فائرنگ کرکے 4 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 20 اگست کو ہندواڑہ کے علاقے کرالگنڈ میں 2 نوجوانوں کو شہید کیا گیا اور ضلع شوپیاں کے علاقے مولو میں بھی نام نہاد آپریشن کی آڑ میں ایک نوجوان کو شہید کیا گیا تھا۔

اس سے قبل بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے جعلی مقابلے کے دوران 3 مزدوروں کو شہید کر دیا تھا، تینوں مزدوروں کو بھارتی فورسز کی جانب سے 18 جولائی کو جعلی مقابلے میں شہید کرکے تدفین کر دی گئی تھی جو کام کی تلاش میں سرینگر گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے