Input your search keywords and press Enter.

مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر آج کشمیریوں کے لبوں پر وزیراعظم عمران خان کے لیے تحسین کے نغمے ہیں،سابقہ حکمرانوں نے کشمیر کا نام لینابھی گوارہ نہیں کیا،فیاض الحسن چوہان

لاہور۔3 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 03 فروری2020ء) پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ہر فورم پر سیاسی و سفارتی حمایت پر عزم انداز میں جاری رکھنے پر آج کشمیریوں کے لبوں پر وزیراعظم عمران خان کے لیے تحسین کے نغمے ہیں جبکہ سابقہ حکمرانوں نے کشمیر کا نام لینا گوارہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمران اپنے خاندانوں کے لیے دھیاڑیاں لگاتے رہے اور مودی کے خاندان کے لیے ساڑھیاں بھیجتے رہے اور انھوں نے قائداعظم کے فرمان ’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘‘ کا احترام بھی نہیں کیا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام گورنمنٹ مسلم ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1راولپنڈی میں منعقدہ یکجہتی کشمیر سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق،سی ای او ایجوکیشن اعظم کاشف ودیگر افسران تعلیم،سکولوں کے اساتذہ،سول سوسائٹی کے سرکردہ افراد اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھے۔وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ و زیر اعظم عمران خان نے کشمیر ی عوام کی جدوجہد آزادی کو جس انداز سے اجاگر کیا ہے اس کو دنیا مانتی ہے اور اب سفاک بھارت کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ زیادہ دیر برقرار نہیں رکھ سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہونے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر بن کر بین الاقوامی برادری میں کشمیریوں کی حقیقی نمائند گی کا حق ادا کیا ہے یہی وجہ ہے کہ آج کشمیریوں کے لبوں پر پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کے نغمے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن زیادہ دور نہیں جب ہمارے کشمیری بھائی آزادی کی عظیم نعمت سے ہمکنار ہونگے۔

سیمینار سے سی ای او ایجوکیشن اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے اور کشمیر میں بھارت کے ظلم و تشدد کی سیاہ رات ختم ہونے کے قریب ہے اور کشمیر ی عوام بہت جلد صبح آزادی کا پرنو رطلوع دیکھیں گے۔سیمینار میں طالبات کی طرف سے پیش کردہ ٹیبلو’’اب تو آزادہے دنیا‘پھر میں کیوں آزاد نہیں‘‘ پر شرکائے سیمینار نے بھر پور داد دی اور اس کو کشمیری عوام سے حقیقی محبت و ہمدردی کا مظہر قرار دیا۔

قبل ازیں وزیر اطلاعات نے گورنمنٹ حشمت علی اسلامیہ ڈگری کالج راولپنڈی میں یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے بھی خصوصی خطاب کیا اور سکول انتظامیہ, طلباء کی طرف سے منعقدہ یکجہتی کشمیر واک کی قیادت کی۔سکول کے پرنسپل پروفیسر مستحسن قریشی, اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی -وزیر اطلاعات نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشمیر ی عوام کے بے مثال جذبہ حریت کو سلام پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے