سرینگر:(پاک آن لائن نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے نام نہاد ڈومیسائل قانون کے تحت غیر کشمیریوں کو آباد کرنے کے مذموم بھارتی اقدام کو مسترد کرتے ہوئے مودی حکومت کے کشمیر مخالف ایجنڈے کی بھر پور مزاحمت کریں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مولوی بشیر احمد کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد کے ہمراہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے حال ہی میں شہید کیے گئے کشمیری نوجوانوں کے اہلخانہ کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پامپور اور پلوامہ گئے۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری عوام نریندر مودی کی سربراہی میں قائم فسطائی بھارتی حکومت کے کشمیر مخالف ایجنڈے کی بھر پور مزاحمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ، حق خود ارایت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جبکہ بھارتی فورسز ان کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے قتل عام کر رہی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے تنازعہ کشمیر کو مستقل طورپر ہٹانے کا بھارت کا مطالبہ نہ صرف بلا جواز اور غیر منطقی ہے بلکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کے نزدیک عالمی ادارے کی کوئی وقعت نہیں۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ بھارت خود یکم جنوری 1948 کو تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ لے کر گیا تھا جس کے بعد عالمی ادارے نے کشمیر کے بارے میں 18 قراردادیں منظور کیں، اس سلسلے میں5 جنوری 1949 کو منظور کی گئی عالمی ادارے کی قرارداد خصوصی اہمیت کی حامل ہے جس میں جموں و کشمیرکے مستقبل کی حیثیت کا فیصلہ کرنے کیلئے رائے شماری کرانے پر زور دیا گیا تھا۔
مقبوضہ کشمیر کے ہائی کورٹ نے جماعت اسلامی کے غیر قانونی طور پر نظربند سربراہ ڈاکٹر عبدالحمید فیاض کی اپنی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے پیرول پر رہائی کی ان کی اہلیہ کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔
حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار اور بلال احمد صدیقی نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے اور تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
حریت رہنماء عبدالصمد انقلابی نے جیل سے جاری ایک بیان میں مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ علیل بزرگ حریت رہنماء سید علی شاہ گیلانی کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔
حریت رہنماء مسرور عباس نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے محرم الحرام کے جلوسوں پر قدغن عائد کرنے جبکہ امرناتھ یاترا کو کھلی چھوٹ دینے کی شدید مذمت کی۔
دریں اثنا لداخ سے نام نہاد کشمیر اسمبلی کے سابق رکن ڈیلڈن نام گیال نے جموں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ناکام پالیسیوں پر بھارت پر کڑی تنقید کی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے دفعہ 370 اور 35A کی منسوخی نے چین کو اشتعال دلایا ہے،
ادھر تحریک کشمیر برطانیہ نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کے بڑھتے ہوئے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے برطانیہ کے مختلف شہروں میں کشمیر ڈیجیٹل مہم کا آغاز کیا ہے۔
