چیف آف آرمی استاف نے جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا(فوٹو، ریڈیو پاکستان)
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق ہم کسی بھی یکطرفہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ چھ ستمبرکا دن پاکستانی قوم کے لیے چھ ستمبر صرف ایک دن نہیں بلکہ ہمارے حوصلے کی پہچان بھی ہے۔ یہ دِن 1948، 1965، 1971، کارگل کی جنگ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے شہیدوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دُشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی دُشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کررہے ہیں۔ اسی لیے آج ہم اپنے شہداء اور غازیو ں کے عظیم کارناموں کو یاد کرنے اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔ اُن کی جرات،بہادری اور قربانیوں کی بدولت ہماری آزادی، خود مختاری، امن و سلامتی قائم ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں اُنھیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم اُن کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں اور جو قومیں اپنے ہیرو کو بھول جاتی ہیں وہ قومیں مِٹ جایا کرتی ہیں۔ یقین دلاتا ہوں کہ ہم ہر قدم پے آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ پوری قوم آپ کے صبر اور قربانی کی مقروض ہے۔ جس طرح شہداء پوری قوم کا فخر ہیں، اسی طرح آپ بھی ہمارا فخر ہیں۔
