اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار) اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے وائس چیئرمین سید مشتاق حسین نے کہا ہے کہ بھارت غیر قانونی طور پراپنے زیرقبضہ جموں و کشمیر پر جابرانہ قبضے کو برقرار رکھنے کے لئے علاقے میںقتل و غارت کر رہا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید مشتاق حسین نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری کشمیر کو محض انسانی حقوق کا مسئلہ قرار دے کر بھارت کے ہاتھ مضبوط کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں کے بنیادی حق کو یقینی بنانے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ کشمیری 1947 ء سے ہی بھارتی مظالم کا شکار ہیں لیکن 5 اگست 2019 ء کے بعدبھارت کی طرف سے شروع کی گئی جبر و استبداد کی نئی لہر مہذب دنیا کے لیے غیر معمولی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو عملی طور پر ایک بہت بڑی جیل اور قتل گاہ میں تبدیل کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بے گناہ کشمیریوں کو قتل کررہا ہے اورمسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لئے نئے ڈومیسائل قانون متعارف اوراپنے تربیت یافتہ دہشت گردوں کو علاقے میں آباد کرنے جیسے جرائم کا ارتکاب کرکے تمام بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کررہا ہے۔سید مشتاق حسین نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ہونے والے قتل عام کو روکنے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
