مظفرآباد( سٹیٹ ویوز )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری اور سابق وزیر حکومت خواجہv فاروق احمد نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے دونوں علاقوں کے عوام دینی،ثقافتی اور تہذیبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
آزادکشمیر کے عوا م کو پاکستان سے دور کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی وہ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاک کشمیر سالیڈیرٹی کونسل کے زیر اہتمام آزادکشمیر میں ”قومی سالمیت اور یکجہتی“کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔
سیمینار کی صدارت سابق چیئرمین متحدہ جہاد کونسل تنویر الاسلام نے کی۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ پاکستان کشمیر کی تحریک آزادی کا پشتبان ہے آج بھی کشمیری عوام پاکستان کے نام پر قربانیاں دے رہے ہیں اور پاکستان نے بھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑا۔لیفٹیننٹ ناصر شہید نے اس تعلق کو نیا عنوان دیا۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں کسی کو نظریاتی تخریب کاری کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
کشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت پر پوری قوم کا اتفاق ہے۔کشمیری عوام پاکستان کے لیے نسل درنسل قربانیاں دے رہے ہیں۔اور پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے لیے محبت و ایثار کا رشتہ قائم رکھا ہے۔
اس موقع پر سابق چیئرمین متحدہ جہاد کونسل تنویرالاسلام نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان یک جان دوقالب ہیں اور کشمیری عوام آزادکشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ اور نظریاتی قلعہ اور پاکستان کو اپنی منزل سمجھتے ہیں اور حد درجہ مشکلات کے باوجود پاکستان سے توقعات اور امید کی کیفیت میں جرأت مندانہ انداز میں بھارت کے خلاف برسر پیکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیرکی نظریاتی سمت درست رکھنے اور آزادکشمیر میں نظریاتی اور فکری لام بندی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر پیش بندی کرنی چاہیے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے موثر اقدامات اٹھانے چاہیے۔اس موقع تنویرالاسلام نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا کشمیریوں کے لیے جذبہ خیر سگالی اور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور سپہ سالار افواج پاکستان سے گزارش کی ہے کہ وہ آزادکشمیر کے سرحدی علاقوں کے بھارتی فائرنگ کے متاثرین کی دلجوئی اور بحالی کے لیے پاک فوج کے کسی پروگرام کا اعلان کریں جس کے انتہائی دوررس اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔اس موقعے پر تاج سواتی، داود فہیم عباسی اور ایڑوکیٹ سمیرا قریشی نے بھی خطاب کیا۔
