اسلام آباد( نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ موجود حکومت کی کوششوں کے باعث مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر ہوا ہے اور اس دیرینہ مسئلے پر پاکستان اور کشمیریوں کے موقف کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ای یو- پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر سے ملاقات کے دوران کیاجنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی- ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور اس سے متعلق بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے کردار پر تفصیلی بات چیت کی گئی، ملاقات میں وفاقی وزیر نے مسئلہ کشمیر پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور کشمیریوں کے موقف کو اجاگر کرنے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بڑا اہم کردار ہے، انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر مسلسل آواز بلند کرنا باعث اطمینان ہے۔انہوں نے کہا نہ صرف یورپ بلکہ برطانیہ اور امریکہ میں بھی مقیم پاکستانی اور کشمیری مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کر رہے ہیں اور اس کے بڑے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال وزیراعظم عمران خا ن کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی بھر پور سپورٹ نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی نہ صرف مسئلہ کشمیر پر اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ بھارت کی ہندو انتہا پسند فاشسٹ ایجنڈے کو بے نقاب کرنے میں بھی اس کا بڑا اہم کردار ہے۔
حکومت کی کوششوں کے باعث مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا، علی امین
