Input your search keywords and press Enter.

مقبوضہ کشمیر میں ساز گار ماحول تک بھارت سے مذاکرات ناممکن ، دفتر خارجہ

اسلام آباد (وقائع نگار)دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چو دھری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات پلٹنے اور سازگار ماحول کے قیام تک بھارت سے بامعنی مذاکرات ناممکن ہیں،پاکستان خطے میں امن کا حامی ہے اور تمام مسائل کا حل مذا کرات کے ذریعے چاہتا ہے ،بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکتے ،کلبھوشن کیس میں بھارت کو نظرثانی صرف پاکستانی عدالت سے ہی مل سکتی ہے ، فیٹف بھارت کی دہشتگردوں کی مالی معاونت کا بھی نوٹس لے ۔افغان امن عمل کو کامیاب بنانے کے لیے تمام شراکت داروں سے بات چیت ضروری ہے ۔ نومبر میں بابا گرونانک کا 551 واں یوم پیدائش ہے ، بھارت نے کرتارپور راہداری پر اپنے حصے کے پل کاکام شروع نہیں کیا، بھارت سکھ یاتریوں کی سہولیات کے حوالے سے مسلسل تاخیری حربے استعمال کررہا ہے ، پاکستان نے کورونا کے باعث مختصر بندش کے بعد کرتارپور راہداری کھول دی تھی۔ ہمارا مشن دبئی میں پھنسے پاکستانیوں سے رابطے میں ہے ۔کئی پاکستانیوں کو دبئی میں داخلے کی اجازت بھی مل گئی ہے ۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 437 دن ہو چکے ہیں، اس دوران متعدد نوجوانوں کو شہید اور زخمی کیا جاچکا ہے ، بھارت نے 18 لاکھ جعلی ڈومیسائل جاری کئے جو کشمیر پر عالمی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے ، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو فوری روکا جائے ،سارے عمل کو واپس پلٹایا جائے ، ترجمان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف ایک مسلسل جاری عمل ہے ، پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر بڑی حد تک عمل کر لیا ہے ، 27 ضروری اقدامات میں سے پاکستان نے 21 ضروری اقدامات مکمل کر لئے ہیں، اب وقت ہے کہ ایف اے ٹی ایف بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے معاملات کا بھی نوٹس لے ، آئندہ فروری میں بھارت کا میوچل ایویلیو ایشن ریویو ہونا باقی ہے ، بھارت کے 44 بینکوں کے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ میں ملوث ہونے پر تو قع ہے کہ ایف اے ٹی ایف اس ریویو میں جائزہ لے گا۔ زاہد حفیظ نے کہا کہ پاک چین دوستی کے حوالے بھارتی بیانات کی سختی سے مذمت کرتے ہیں، بھارت کو ایسی زبان استعمال نہیں کرنا چا ہئے جو علاقائی امن و استحکام کے لیے فائدہ مند نہ ہو۔ انسانی حقوق کونسل کو بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے