وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم اور انسانیت کی تذلیل کا نوٹس لے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے آزادکشمیر کے 73 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ آزادکشمیر کا یہ خطہ ڈوگرہ راج کے خلاف عظیم جدوجہد کے نتیجہ میں آزاد ہوا۔
راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیری عوام 1948 سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق راے شماری کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جبکہ جموں اور سرینگر کے عوام نے 1944 میں قائد اعظم سے جو عہد کیا تھا آج بھی اس پر کاربند ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے غیر ریاستی باشندے آزادی کی لڑائی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں جبکہ مقبوضہ کشمیر کے غیرمسلم ریاستی باشندے ریاست جموں و کشمیر کی شناخت کی لڑائی جو مقبوضہ وادی میں جاری ہے کی بھرپور حمایت کریں۔
راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر اس وقت بدترین فوجی محاصرے میں ہے عوام کے بنیادی حقوق معطل ہیں، ہندوستانی فوج کو قانونی آزادی دی گئی ہے کہ کسی بھی شہری کی جان لے لیں اس پر کوئی مقدمہ نہیں ہوتا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا مزید کہنا تھا کہ مودی کے حالیہ قوانین سے ریاست جموں و کشمیر کے شہری ہندوستان میں دوسرے درجے کے شہری بن جائیں گے، آزادکشمیر کی حکومت عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں کبھی اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
