Input your search keywords and press Enter.

کشمیر سے متعلق جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے وژن کو پوری دُنیا میں پذیرائی مل رہی ہے: علی امین خان گنڈہ پور 

اسلام آباد، 26 اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے  امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈہ پور  نے کہا ہے کہ کشمیر سے متعلق جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے وژن کو پوری دُنیا میں پذیرائی مل رہی ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مزمت کرتے ہیں۔

بین الاقوامی ورچوئل تقریری مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے  ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے حوالے سے بین الاقوامی تقریری مقابلے کا انعقاد قابل ستائش ہیں،  تقریری مقابلے کے شرکاء کو خوش آمد ید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  مسئلہ کشمیر پر تقریری مقابلہ بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ ایسے مقابلوں سے بین الاقوامی عوامی رائے عامہ کا بہتر اندازہ ہوتا ہے ۔

 علی امین خان گنڈہ پور   نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر پر بھارت کی فوج کشی، غیر قانونی قبضہ اور تسلط قائم ہے،  کشمیریوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے جبکہ  لاکھوں کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں خواتین کو بیوہ کر دیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں سینکڑوں خواتین کو برسوں سے اپنے خاوندوں سے متعلق کوئی اطلاع نہیں ہے جبکہ  کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے عزم و استقامت سے کھڑے ہیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنے ناجائزتسلط کو مزید سخت کر رہا ہے ۔بھارت نے پچھلے سال 5 اگست کو انتہائی قابل مذمت اقدامات اٹھائے، بھارت نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی دھجیاں اڑائیں،  بھارت اسرائیل طرز پر مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے،  کشمیریوں کو نام نہاد مقابلوں میں شہید کیا جارہا ہے۔انہوں  نے کہا کہ    لاکھوں غیر ریاستی باشندوں کو مقبوضہ کشمیر کی شہریت دی جارہی ہے، بھارت کے یہ اقدامات خطے میں سیکورٹی سے متعلق شدید خدشات پیدا کر رہے ہیں ۔

وفاقی وزیر برائے ر امور کشمیر و گلگت بلتستان  نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے سے بھارتی مذموم سازش کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، بھارت کے ہندوتوا ہندوانتہا پسند پالیسز کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔   پاکستان نریندر مودی کے ہندو انتہا پسند نظریے کو بے نقاب کرتا رہے گا ، پاکستان کی کوششوں کے باعث آج دُنیا میں بھارتی نام نہاد سیکولیرازم اور جمہوریت بے نقاب ہو چکی ہے۔ بھارت مذہبی آزادی کے حوالے سے خطرناک ملک بن چکا ہے، بھارت میں ایمنسٹی انٹر نیشنل سمیت دیگر غیر جانبدار انسانی حقوق کی تنظیموں پر پابندی لگائی جارہی ہے۔  بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی طاقت رکھنے والے ممالک ہیں ، بھارت کی انتہا پسند پالیسیز پوری دُنیا کے امن کے لیے خطرناک ہیں۔

وفاقی وزیر نے یورپی پارلیمنٹ،برطانوی پارلیمنٹیرین ،او آئی سی،بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر بھرپور سپورٹ کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے متعلق حقوق کی آگاہی میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے، عالمی رائے عامہ تیزی سے کشمیریوں کی حمایت میں بڑھ رہی ہے۔عالمی رائے عامہ جلد اپنے معاشی،سیاسی مفادات کی حامل طاقتوں پر حاوی ہو گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے