اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی): پاکستان اور بوسنیا ہرزیگووینا نے اتفاق کیا ہے کہ دنیا بھر میں اظہار رائے کی آزادی
کی آڑ میں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کو قبول نہیں کیا جا سکتا جبکہ بوسنیا، ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفرووچ نے کہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اہم ہے، مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیاجائے۔
ان خیالات کااظہار بدھ کو وزیر اعظم عمر ان خان اور بوسنیا، ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفرووچ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بوسنیا، ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفرووچ کا پاکستان کے دورہ پر آمد پر بھرپور خیرمقدم کرتاہوں۔ 90ءکی دہائی میں بوسنیا کے شہریوں کی مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے عوام نے بھرپور مدد کی۔ دونوں ممالک کے درمیان ان معاہدوں سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 4.5 ملین یورو ہے، ہم اس کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں اور ہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں اور تجارت سمیت ہر شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان بوسنیاکے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بوسنیا، ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفرووچ اور بوسنیا کی حکومت کے کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت پر شکرگزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت ہے، آزادی اظہار رائے کو کسی بھی مذہب ماننے والوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے لئے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ ہم نے فرانس میں گستاخانہ مواد کے معاملے پر بھی بات کی ہے۔ آزادی اظہار کی آزادی اظہاررائے کی آڑ میں مسلمانوں کی توہین نہیں ہونی چاہیے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کوئی مسلمان برداشت نہیں کر سکتا۔ رسول پاک کی ذات کی حرمت مسلمانوں کے لیے بہت اہم معاملہ ہے ، اس بات کو یورپی اور مغربی ممالک کو سمجھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ مواد کی تشہیرکی مذمت کرتے ہیں
۔ انہوں نے کہا کہ بوسنیا، ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفرووچ کی جانب سے دورہ بوسنیا کی دعوت دینے پر ان کا شکر گزار ہوں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بوسنیا، ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفرووچ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر دورہ پاکستان پر بہت خوشی ہوئی ہے۔ پاکستان اور بوسنیا دوست ممالک ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران اور جنگ کے بعد بوسنیا ہرزیگووینا کی امداد پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔
