تفصیلات کے مطابق دنیا بھرمیں مقیم کشمیری آج 6 نومبر کو یوم شہدائے جموں وکشمیر کے طور پر منا رہے ہیں،آج کا دن تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جس دن قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے ہزاروں کشمیریوں کی یاد تازہ ہو جاتی ہے، 6نومبر1947ء کو بھارتی فوج اور مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز نے گٹھ جوڑ کر کے ہزاروں کشمیریوں کو بے رحمی سے شہید کرتے ہوئے تاریخ میں ایک سیاہ باب رقم کیا جس کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔ آج کے دن مقبوضہ کشمیر میں شہید ہونے والے کشمیری عوام میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔
آج کے دن کی مناسبت سے شہداء کی یاد میں سرحد کی دونوں جانب خصوصی تقاریب اور سیمینار منعقد کیئے جائیں گے۔اس حوالے سے انسانی حقوق کی تنظمیں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے کشمیری عوام سے اظیار یکجہتی کیلئے ان کی آزادی کے حق میں صدائے احتجاج بھی بلند کی جائے گی، مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کا کہنا ہے کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ایک دن وہ آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔
