Input your search keywords and press Enter.

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی میں اضافہ ،مزید 2کشمیری شہید

سرینگر (92 نیوزرپورٹ،کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی میں اضافہ ہوا ہے قابض فورسز نے ،مزید 2کشمیری شہید کردیئے ۔پلوامہ کے علاقہ بامپورہ میں بھارتی فوجیوں نے تلاشی اور سرچ آپریشن کی آڑ میں اندھا دھند فائرنگ سے دونوں نوجوانوں کو شہید کیا ،3زخمی ہو گئے جس کے خلاف مظاہرے کئے گئے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بندکردی گئی۔سرینگر میں تاریخی پتھر مسجد کو آتشزدگی سے نقصان پہنچا،بھارتی فوج کا اعانت کارپاپاکشتواڑی ہلاک ہو گیا،نئے اراضی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے 19 افراد نے ضمانت پر رہائی سے انکار کردیا۔کے پی آئی کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ کے مضافاتی علاقہ میج لال پورہ میں بھارتی فوج کی 50 راشٹریہ رائفلزآر آر، پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی شروع کی، بھارتی فورسز کی فائرنگ میں 3شہری زخمی ہوئے جن میں سے ایک عابد حمید میر کے سر میں گولی لگی جو دم توڑ گیا ، کفایت احمد نامی شہری کی ٹانگ میں گولی لگی، بھارتی فورسز نے جمعہ کو میج لال پورہ کا محاصرہ جاری رکھا ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ۔سرینگر میں واقع تاریخی پتھر مسجد کو آتشزدگی سے نقصان پہنچا ، مغلیہ دور میں تعمیر کی گئی تاریخی مسجد میں گزشتہ روز اچانک آگ لگ گئی جو مسجد کے منبر تک پہنچ گئی۔ مقبوضہ کشمیر میں نئے اراضی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے 19 افراد نے ضمانت پر رہائی سے انکار کر دیا ، احتجاج کرنے والے 19 افراد نے سرینگر کے تحصیلدار کے سامنے بیان حلفی پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا،ان گرفتار شدگان کا تعلق محبوبہ مفتی کی پارٹی پی ڈی پی سے ہے ۔ محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہاکسی جمہوری طرز حکومت میں پرامن احتجاج کے حق کو ملک دشمن سرگرمی قرار نہیں دیا جاتا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا اعانت کار پاپا کشتواڑی جیل میں دل کے دورہ سے ہلاک ہو گیا ہے ،1990 میں بھارتی حکومت نے بھارتی فوج کی سر پرستی میں الاخوان کے نام سے دہشت گرد گروپ تشکیل دیا تھا۔ اس دہشت گرد گروپ نے بھارتی فوج کی سر پرستی میں بڑی تعداد میں نہتے شہریوں کو قتل کیا تھا، پاپا کشتواڑی اسی دہشت گرد گروپ الاخوان کا کمانڈر تھا ۔ کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے جمعہ یوم شہدائے جموں عقیدت و احترام سے منایا۔ آزاد کشمیر میں عام تعطیل رہی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت نے یہ تعطیل ختم کر دی ہے ، یوم شہدائے جموں کے موقع پر آزاد کشمیرمیں خصوصی تقریباب منعقد ہوئیں اس موقع پر اس عزم کی تجدید کی گئی کہ مذموم بھارتی منصوبوں کو ناکام بنایا جائے گا اور اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود اراداریت کے حصول تک شہدا کا مشن جاری رکھا جائے گا، مقبوضہ کشمیر میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں جموں کے شہید ہونے والے بے گناہ مسلمانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے