برمنگھم (صباح نیوز) کنونیر آل پارٹیز کشمیر رابطہ کونسل رکن آزاد کشمیر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارت ہندوئوں کو کشمیر میں بسا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، نہتے کشمیری عوام 9 لاکھ بھارتی فوج کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ان خیلات کا اظہار انہوں نے تحریک کشمیر برطانیہ کے تحت آن لائن کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی جدو جہد میں بھارت کے تمام حربے اور سازشیں ناکام ہو چکی ہیں،بھارت نے کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی شروع کر رکھی ہے،5 لاکھ کشمیری مسلمانوں کی قربانیوں نے آزادی کی منزل کا تعین کیا ہے۔ بھارت کی عالمی قوانین کی خلاف ورزی سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا ۔ کشمیری کسی بھی
صورت میں اسے قبول نہیں کریں گے۔ کشمیر کانفرنس کی صدارت تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجا فہیم کیانی نے کی ، راجا فہیم کیانی نے کہا کہ کشمیریوں نے قربانیوں کے اس تسلسل کو جاری رکھا ہواہے۔لارڈ قربان حسین نے کہا کہ سیاسی اور سفارتی محاذ پر برطانوی پارلیمنٹ کے اندربھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی کو بھرپور اجاگر کیا جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری بھارت کو عالمی معاہدوں کی پاسداری پر مجبور کرئے۔
بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے‘رشید ترابی
