اسلام آباد(نیو زرپورٹر) جوناگڑھ کا پاکستان سے الحاق قائداعظم محمد علی جناح کا خواب تھا جسے شرمندہ تعبیر کرنا ہمارا فرض ہے۔ نواب آف جونا گڑھ نواب محمد مہابت خانجی نے نظریہ پاکستان کے تحت پاکستان سے الحاق کیا تھا۔ جوناگڑھ ہمارا تاریخی اور قانونی حق ہے اور زندہ قومیں اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوتیں ، ہم بھی اپنے حق کیلئے لڑتے رہینگے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے "جوناگڑھ یومِ سیاہ” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں کیا جس کا انعقاد مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام کیا گیا تھا۔ مقررین میں نواب آف جوناگڑھ نواب محمد جہانگیر خانجی، صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان، چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی، وفاقی وزیر سیفران صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی، ڈاکٹر ماریہ سلطان اور ڈاکٹر اعجاز اکرم شامل تھے۔ مقررین نے کہا کہ مسئلہ جوناگڑھ اور مسئلہ کشمیر بھارتی کی دوغلی پالیسی اور توسیع پسندانہ عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔یہ مقدمات ہمیں بیک وقت عالمی سطح پہ لڑنے چاہیں۔
کشمیر اور جونا گڑھ کے مسائل بھارتی توسیع پسندانہ عزائم کاثبوت ہیں، مقررین
