پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار او ر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارت کی شرانگیزی اور مذموم عزائم کا پردہ چاک کیا گیا ہے پریس کانفرنس میں سامنے آنے والے چیدہ چیدہ نکات کے مطابق بھارت نے پاکستان میں اہم شخصیات کو قتل کرنے سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں پر حملوں کا منصوبہ بنایا ہے ‘ اس سب کے ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شورش کی پلاننگ بھی کی گئی ہے ‘ ماسٹر پلا نر افغانستان میں تعینات کرنل راجیشن ہے ‘ بتایا یہ بھی گیا ہے کہ بھارت میں ہونے والی2 بینک ٹرانزیکشنز میں سے ایک خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کیلئے تھی‘ دہشتگردی کی منصوبہ بندی میں پشاور‘ کراچی اور لاہور ٹارگٹ ہیں سی پیک کے خلاف پوری ملیشیا بنائی گئی ہے ‘ پاکستان نے تمام ثبوتوںکی روشنی میں ڈوزئیر تیار کر لیا ہے اس میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹوں کے نام آڈیوٹیپس اور دیگر شواہد شامل ہیں جوعالمی برادری کے سامنے رکھی جا رہی ہیں ‘ بھارت مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قرار دادیں کئی دہائیوں سے قدموں تلے روند رہا ہے جمہوریت کے دعویدار ملک میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں ‘ مقبوضہ وادی میںشہریوں کومحصور رکھنے والی مودی سرکار ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو برسر زمین حالات دیکھنے تک نہیں چھوڑ ا جا رہا ‘ پاکستان نے بھارت کے مذموم عزائم پورے ثبوتوں کے ساتھ دنیا کے سامنے رکھ دئیے ہیں وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا اب ہمارے ثبوتوں کے بعد خاموش نہیں بیٹھ سکتی اب جبکہ یہ بات تمام شواہد کے ساتھ سامنے آ چکی ہے کہ بھارت پاکستان کے اندر ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بھی سب کے سامنے ہیں وقت کا تقاضہ ہے کہ اب عالمی برادری اپنا موثر کردار ادا کرے تاکہ اس کی غیر جانبداری پر حرف نہ آنے پائے
بھارتی منصوبے اور عالمی برادری
