وٹفورڈ(نمائندہ جنگ) پاکستان اور بھارت سابقہ جنگوں سے سبق حاصل کریں۔ بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث کنٹرول لائن پر مسلسل کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کونسلر عمران حمید ملک نے میڈیاسے گفتگو میں کیا ۔ کونسلر عمران حمید ملک نے کہاکہ کشمیر کے بدلتے ہوئے حالات مطالبہ کرتے ہیں کشمیر کی دوطرفہ قیادت کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فرنٹ لائن پر لایا جائے تاکہ ریاست کی دوطرفہ بڑی جماعتیں خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ٹھوس و مثبت پالیسی اختیار کر سکیں، انہوں نے کہا بنیادی طورپر کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں ۔ اقوام متحدہ اپنے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کشمیر کی دوطرفہ بڑی سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرے ۔ کونسلر عمران حمید ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیری عوام نے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت حل کیلئےپاکستان اور بھارت کو کشمیر میں استصواب رائے کرانے کیلئےحق دیا تھا مگر بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث مسئلہ کشمیر مفاد پرستی کا شکار ہو گیا ہے، مفادات کی خاطر بڑی طاقتیں بھارت کی گود میں بیٹھی ہوئی ہیں اور کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی پر خاموش ہیں ۔انہوں نے کہا حصول انصاف کا تقاضا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام
کیلئے کشمیر کی دوطرفہ قیادت کو آپس میں ملنے دیا جائے ، کنٹرول لائن کو کھول دیا جائے، عوام کو آپس میں ملنے دیا جائے تاکہ لوگوں کی رائے معلوم کی سکےاور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے راہ ہموار ہو سکے۔
