لاہور:جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینیٹر سراج الحق سے کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی،تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
ترجمان جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تارکین وطن اور تحریک کشمیر برطانیہ نے سفارتی محاذ پر گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔پوری قوم تارکین وطن اور تحریک کشمیر برطانیہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔نریندرمودی ظلم اور تشدد سے کشمیریوں کو آزادی کی منزل سے دور نہیں کرسکتا۔ کشمیرکی آزادی پر مجھے اس طرح یقین ہے جس طرح سورج کے طلوع ہونے کا یقین۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے۔پاکستان کے حکمران یاد رکھیں کہ جنہوں نے بھی کشمیریوں کے خون سے بے وفائی کی وہ نشان عبرت بنے ہیں۔حکومت پاکستان کشمیرکی آزادی کے لیے روڈ میپ دینے میں ابھی تک ناکام ہے۔ حکمران اس حساس اور پاکستان کی سلامتی کے مسئلے پر توجہ مرکوز کریں اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر مشترکہ کشمیر پالیسی تشکیل دیں۔ حکومت چاہے کسی کی بھی لیکن کشمیر پالیسی ایک ہی ہونی چاہیے۔اس پر پوری قوم کا اتفاق ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی روز اول سے تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبان ہے۔ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ صبح آزادی تک ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔نریندرمودی کے مظالم کو دنیا میں بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔سفارتی مہم جارحانہ انداز سے چلائی جائے تو مودی بے نقاب ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم حکمرانوں کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ مزید خاموش نہ رہیں پانی سر سے گزر رہا ہے۔مودی نے چند ماہ میں 20لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کشمیر میں لا بسائے ہیں اور اس کا ہدف ہے کہ یہ تعداد 50لاکھ سے زیادہ کی جائے مظالم کی انتہا کررہا ہے۔عالمی برادری اس وقت متحرک ہو گی جب اسلام آباد متحر ک ہو گا۔
اس موقع پر چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سرگرمیوں بارے آگاہ کیا۔اس موقع پر سراج الحق کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت بھی کیا۔وفد میں راجہ جہانگیر خان سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔
