Input your search keywords and press Enter.

عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے، حریت کانفرنس

سرینگر ۔7دسمبر (اے پی پی):غیر قانونی طور پربھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار کرے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیرکے حوالے سے کئی قراردادیں منظور کی ہیں جن میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیاگیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ان قراردادوں کومنظورہوئے 72سال گزر چکے ہیں لیکن یہ مسئلہ آج بھی حل طلب ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموںو کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور کشمیری عوام روزانہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں لیکن عالمی ادارہ بھارت کے سامنے بے بس نظر آتا ہے اور باقی دنیا بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قرارداد وں کے مطابق مقبوضہ جموںو کشمیر میں ریفرنڈم کرائے ۔انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی ایک کے بعد دوسری نسل تنازعہ کشمیر کی نذر ہورہی ہے اور وہ بھارتی جبر و تسلط میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔مولوی بشیر احمد نے کہاکہ مسلم اکثریتی ریاست ہونے ناطے 1947ءمیں کشمیری عوام نے پاکستان کا انتخاب کرنا چاہا لیکن بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں فوج داخل کرکے اس پر غاصبانہ قبضہ کرلیا اور اب کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے غیر ریاستی باشندوں کو ڈومیسائل جاری کررہا ہے۔ انہوں نے کہا جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں اوراگر مقبوضہ جموںو کشمیر میں یونہی ظلم و ستم جاری رہا تو دنیا کے امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموںو کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزریوں کی طرف توجہ دے۔انہوںنے کہاکہ اسلحے کے زورپر کشمیری قوم کے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا بھارتی فوج لامحدود اختیارات حاصل ہونے کی وجہ سے قتل وغارت، لوٹ مار اور بدعنوانی میں خطرناک حد تک ملوث ہوچکی ہے جس کا اعتراف ایمنسٹی انٹرنیشنل اور سابق صدر امریکہ نے بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔حریت رہنما نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں اقلیتوں پر جاری ظلم و ستم اور مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں کے قتل عام کا نوٹس لیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی حق، حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے