لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے خلاف عالمی یوم حقوق انسانی کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر سنٹر لاہور کے زیر اہتمام عالمی یوم حقوق انسانی کے موقع پر مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیاسی و سماجی ، مذہبی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔
انچارج کشمیر سنٹر لاہور سردار ساجد محمودنے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک سال سے کرفیو اورلاک ڈاؤن کی صورتحال ہے، وہاں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کی جارہی ہیں۔بھارتی پابندیوں نے کشمیریوں کو آج کے جدید دور میں بھی پتھر کے زمانے میں جینے پر مجبور کررکھاہے۔ انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور اقوام متحدہ بھارتی ظلم وجبر کانوٹس لیں۔
معروف صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر احسن محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر اپنے مظالم کو دنیا سے چھپانے کے لیے انٹرنیٹ، سوشل میڈیا، اخبارات کی اشاعت اور دیگر ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد کررکھی ہے تاکہ کوئی خبر باہر کی دنیا تک نہ جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو اپنی جان خطرے میں ڈال کر سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی مظالم کو بے نقاب کررہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی جاوید ڈار نے کہا کہ پاکستانی قوم تحریک آزادی میں ہمیشہ کشمیریوں کی پشتیبان رہی ہے۔ مضبوط ومستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کو بھارت سے آزادی دلاسکتاہے۔
خیال رہے ہر سال 10دسمبر کو انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس سال بھی دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں نے مقبوضہ وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔
