تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کی نسبت مسئلہ کشمیر کو بہترین حکمت عملی کے تحت اقوام عالم کے سامنے پیش کیا ہے’ وفاقی وزیر کی گفتگو
مظفرآباد( سٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنا لوجی فواد چوہدری سے جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی ملاقات، ملاقات میں سیاسی امور، مسئلہ کشمیر کے لئے سفارتی سطح پر ہونے والی کوششوں اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال، اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ظلم وستم کا ہر حربہ آزاماکر کشمیریوں کومغلوب نہیں کر سکا۔ کشمیریوں کی جدو جہد آزادی میں ہر سطح پر ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز اور عالمی میڈیا پر کشمیرکا مقدمہ جاندار انداز میں پیش کر کے کشمیریوں کا حقیقی سفیر ہونے کا ثبوت دیا۔تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کی نسبت مسئلہ کشمیر کو بہترین حکمت عملی کے تحت اقوام عالم کے سامنے پیش کیا۔ کشمیریوں کی جدو جہد حق خود ارادیت کے حصول کے لئے ہے اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ بھارت پر اس وقت انتہاء پسندانہ گروہ مسلط ہے۔ انتہاء پسندی اور ظلم وبربریت کی جو لہر بھارتی سرکار کی سرپرستی میں پروان چڑھ رہی ہے اس کے خطہ پربرے اثرات مرتب ہوں گے۔ اقوام متحدہ سمیت اقوام عالم کو کشمیر میں ظلم وبربریت کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو نسل کش پالیسیوں سے روکنا ہو گا۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اوورسیز میں مقیم کشمیریوں نے بہترین انداز میں مسئلہ کشمیر کے لئے کام کیا ہے۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت کی ٹیم راجہ نجابت حسین کی قیادت میں جس طرح کام کر رہی ہے اور اپنے بھائیوں کے لئے سفارتی سطح پر آواز اٹھا رہے ہیں یہ قابل ستائش ہے۔ اس موقع پر جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو بھارت کے پروپیگنڈے اور سفارتی سطح پر بے بنیاد مہم کا حکمت عملی سے مقابلہ کرنا ہو گا۔ اوورسیز میں کشمیریوں اور پاکستانیوں نے جس طرح بلا تنخواہ سپاہی کا کردار ادا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت برطانیہ، یورپ اور دیگر ممالک میں پارلیمنیرئنز، کونسلرز، وہاں کے سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں کو لابی مہم کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے لئے اپنا حمیاتی بنانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان کی حکومت سفارتی سطح پر موجودہ تقاضوں کے مطابق حکمت عملی ترتیب دے کر سفارتی مہم چلانا ہو گی۔ ممبران اسمبلی، مسئلہ کشمیر کے لئے متحرک لوگوں، ماہرین، دانشوروں، نوجوانوں، خواتین اور انسانی حقوق و سول سوسائٹی کے رہنمائوں کو بین الاقوامی محاذ پر سفارتی مہم کے تحت بھیجنا چاہئے۔ اوورسیز میں مقیم کشمیری ہر سطح پر ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ راجہ نجابت حسین نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو تحریک حق خود ارادیت کی مستقبل میں ہونے والی تقریبات اور سرگرمیوں میں دعوت بھی دی۔
