Input your search keywords and press Enter.

بھارتی فوج مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہی ہے،حریت فورم

غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع شوپیاں میں2کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کانی گام میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔اس سے پہلے اسی علاقے میں ایک حملے میں دو بھارتی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔سینئر حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہیدنوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔دریں اثناءمیر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو دبانے کے لئے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہے ہیں۔ بیان میں وادی کشمیر میں بھارتی پولیس کی طرف سے جبری گرفتاریوں اور حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور نوجوانوں کی نظربند ی کی مذمت کی گئی ہے۔بھارتی پولیس اور بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اہلکاروں نے سرینگر میں حریت رہنما جاوید احمد میر کو گرفتارکرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاہے۔مقبوضہ جموںوکشمیر کے سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے سرینگر میں اپنے انٹرویوز میں کہا کہ پنجاب کے سکھ اور کشمیری دونوں بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہدکر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ بھارتی غلامی سے آزادی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر1984ءمیں اپنے سکھ محافظوں کے ہاتھوں اندراگاندھی کے قتل کے بعدسکھ بھارتی فوجیوںکی طرف سے سکھوں کے قتل عام کو نہیں بھولے۔ انہوں نے کہا کہ نسل کشی میں سترہ ہزار سکھ بے دردی کے ساتھ قتل کئے گئے۔ قتل عام کے دوران بھارتی فوجیوں نے پورے بھارت میں سکھ برادری کے خلاف بڑے پیمانے پر قتل ، جنسی حملے ، آتش زنی ، لوٹ مار اور تیزاب کے حملے کئے۔ادھر قابض حکام نے ایک حکم کے ذریعے ایک بارپھرتیز رفتار انٹرنیٹ سروسز پر پابندی میں 8 جنوری 2021 تک توسیع کردی۔ 5 اگست 2019 سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں 4 جی انٹرنیٹ سروس معطل ہے جب نریندر مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت نے علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرکے سخت فوجی محاصرہ نافذ کیاتھا۔تحریک استقلال جموں و کشمیر نے مقبوضہ جموںوکشمیرمیں آبادی کاتناسب تبدیل کرنے کی نریندر مودی حکومت کی کوششوں کے خلاف آج مظفر آباد میں ایک ریلی نکالی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیرشاخ کے رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید ملک نے اسلام آباد میں ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافے کی شدید مذمت کی ہے۔ممتازآزادی پسندشہید کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کے قریبی ساتھی اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما عبدالحمید بٹ گزشتہ رات طویل علالت کے بعد میرپور میں انتقال کرگئے۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے عبدالحمید بٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے