کشمیر کے سفیر نے کشمیر مودی کے حوالے کر دیا: سراج الحق
لکی مروت : جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کشمیر کا سفیر بنوں گا ، کشمیر کے سفیر نے کشمیر مودی کے حوالے کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباؤ ہے لیکن ہم پھر بھی فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے کوشاں ہیں ، جماعت اسلامی ذات پات اور موروثیت پر یقین نہیں رکھتی۔ ہمیں موقع ملا تو سودی نظام کا خاتمہ کریں گے۔
سربراہ جماعت اسلامی نے کہا کہ وہ پی ڈی ایم میں اس لیے شامل نہیں ہوئے کیونکہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی انگریز سامراج کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں ، ایک طرف بلاول اور دوسری طرف مریم نواز ہوں تو ایسے میں ملک میں اسلام لاگو نہیں کیا جاسکتا۔
تبدیلی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں تیاری نہیں تھی ، اگر تیاری نہیں تھی تو وزارت عظمیٰ کیوں لی ؟ تیاری نہیں تھی تو امتحان میں کیوں بیٹھ گئے ؟ یہ ناکارہ طالبعلم نقل کے باوجود بھی فیل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی کابینہ نقل کے باوجود فیل ہے۔
