پرویز احمد
سرینگر //پچھلے 9ماہ میں پہلی مرتبہ کشمیر صوبے میں وائرس سے روزانہ متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 50سے کم ہوکر 21تک سمٹ گئی جبکہ جموں میں 106افراد متاثر ہوئے ہیں۔9ماہ کے دوران وادی کے کسی بھی ضلع میں پہلی بار متاثرین کی تعداد دوہرے ہندسے سے کم ر ہی اور پہلی بار 4اضلاع میں کوئی مثبت کیس سامنے نہیں آیا۔پچھلے ایک ماہ سے وادی میں کورونا متاثرین کی تعداد بتدریج کم ہورہی ہے اور اموات میں بھی روزانہ کی بنیاد پر کمی واقع ہورہی ہے۔جمعرات کو سرکاری اعدادوشمار کے مطابق بڈگام، اننت ناگ، بانڈی پورہ اور کولگام میں کوئی رپورٹ مثبت نہیں آئی جبکہ کشمیر کے 21معاملات میں سرینگر میں 5، بارہمولہ میں 3، پلوامہ میں 2، گاندربل میں 4 ،کپوارہ میں 5 اور شوپیان میں 2نئے معاملات سامنے آئے۔ جموں صوبے کے106متاثرین میں 47 ضلع جموں، 44 ادھمپور، 5 راجوری، 3ڈوڈہ،1کٹھوعہ اور 6سانبہ سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ جموں صوبے میں کشتواڑ، پونچھ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد1لاکھ 22ہزار176 ہوگئی ہے۔ان میں 50ہزار562جموں جبکہ 71ہزار614کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ بدھ کو 75سالہ معمر خاتون سمیت 3افراد فوت بھی ہوئے ۔ مہلوکین کی مجموعی تعداد1903ہوگئی ہے جن میں 707جموں جبکہ 1196کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔
۔3فوت
جموں و کشمیر میں مزید 3افراد کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں 2کشمیر جبکہ ایک جموں صوبے سے تعلق رکھتا ہے۔ کشمیر میں فوت ہونے والے 2افراد میں ایک سرینگر جبکہ ایک گاندربل میں فوت ہوا ہے۔ سرینگر میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ خیام سے تعلق رکھنے والا ایک 75سالہ معمر شخص کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے صدر اسپتال سرینگر میں فوت ہوگیا ہے۔ گاندربل میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مامر گاندربل سے تعلق رکھنے والی ایک 75سالہ معمر خاتون کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے سکمز صورہ میں فوت ہوگئی۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ خاتون کو چند دن قبل ضلع اسپتال گاندربل سے سیکمز صورہ منتقل کیا گیا جہاں وہ جمعرات کو فوت ہوگئی۔ جموں صوبے میں کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے اور مرنے والے شخص کا تعلق ضلع جموں سے ہے۔
حکومتی بیان
بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے1,22,176معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے2,396سرگرم معاملات ہیں ۔ اَب تک1,17,877اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد1,903تک پہنچ گئی ،جن میں سے 1,196کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور707کاتعلق جموں صوبہ سے ہیں۔اِس دوران جمعرات کو مزید187فرادشفایاب ہوئے ہیںجن میںجموں صوبے کے110اَفراداور کشمیر صوبے کے 77اَفرادشامل ہیں۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 40,11,893ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے 07؍جنوری 2021 کی شام تک 38,89,717نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔علاوہ ازیں اَب تک9,31,185افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ اِن میں28,062اَفراد کو ہوم قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔2,396 اَفراد کوآئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ33,630اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اِسی طرح بلیٹن کے مطاب8,65,194اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔
۔9ماہ بعد کشمیر میں متاثرین کی تعداد50سے کم
