امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے خلاف کوئی سازش کشمیر کی تقسیم کا کوئی فارمولا قابل قبول نہیں، کشمیر ایک وحدت ہے بھارت اور پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کے پابند ہیں، کشمیریوں کی قربانیوں پر کسی کو سودے بازی کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے، ایسا کوئی جعلی حل زبردستی مسلط کیا گیا تو اس کے خلاف شدید ردعمل ہوگا ۔کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے اہم فریق ہیں پاکستان کو مسئلہ کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے ہونگے، دس لاکھ بھارتی مسلح فوج جب تک کشمیر میں ظلم اور دہشتگردی کر رہی ہے مسئلہ کشمیر پُرامن طور پر حل نہیں ہوگا، تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام یو م حق خودارادیت کشمیر کے حوالے سے منعقدہ آن لائن زوم کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غاصبانہ تسلط کو مضبوط کرنے کے لیے مسلمانوں کی اکثریت کو کیا جا رہا ہے، اس پر حکومت پاکستان کی خاموشی اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی کوششیں کشمیریوں کے اندر گہری تشویش پائی جاتی ہے، کشمیریوں کو پاکستان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، موجودہ حالات میں پاکستان کو جارحانہ موقف اختیا کرنا چاہئے۔
تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کا قتل عام شروع کر رکھا ہے ، نوجوانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے،بھارت کے ہاتھ روکنے اور لگام دینے والا کوئی نہیں ۔ برطانوی ممبر آف پارلیمنٹ عمران حسین نے کہا کہ عالمی معاہدوں کی روشنی میں کشمیریوں کا حق خودارادیت مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل ہی خطے کے امن کے لیے لازمی ہے۔ انٹرنیشنل کمیونٹی نے کشمیریوں کے ساتھ جو وعدے کر رکھے ہیں ان پر عمل درآمد کرنا وقت اور حالات کا تقاضا ہے، کشمیری اپنا وہ حق مانگ رہے ہیں جو بھارت اور پاکستان نے تسلیم کر رکھا ہے۔ بھارت کو امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ کانفرنس کی صدرات تحریک کشمیر برطانیہ کے قائم مقام صدر مفتی عبالمجید ندیم نے کی۔ نظامت کے فرائض تحریک کشمیر برطانیہ کے جنرل سکریٹری حافظ محمد آزاد نے انجام دیئے، کانفرنس سے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، تحریک کشمیر گلف کے صدر ڈاکٹر احمد جاوید، ڈپٹی جنرل سکریٹی چوہدری محمد لقمان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار حفیظ خان، نارتھ زون کے نائب صدر چوہدری محمد یاسین ،ایوب مسلم، برمنگھم کے صدر راجہ قمر عباس، راجہ محمد عارف، سردارآفتاب خان،حاجی مجاہد حسین،خالد محمود،فرخ قریشی،محمد اشتیاق، سرفراز موسیٰ اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر تحریک کشمیر برطانیہ برنلے برانچ کے سرپرست میاں عبدلواحید کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور ان کی کشمیر کاز سے وابستگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
