لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )حریت لیڈر مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیر کی جدوجہد کے لیے نوجوانوں کا کردار اہم ہے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اور ایوان اقبال کمپلیکس کے اشتراک سے یکجہتی کشمیر سیمینار کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبا اقوام متحدہ پر ای میل اور دیگر میسیجنگ سروسز کے ذریعے دبا ئوڈال کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی دلوا ئیں۔ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی جدوجہد سے خوفزدہ ہو کر تمام رہنمائوں کو قید میں ڈالنا شروع کر دیا ہے ۔صوبائی وزیر برائے ثقافت خیال احمد کاسترو نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دے گا ۔ چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور اس حوالے سے دی جانے والی قربانیوں سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہوگا ۔تقریب سے پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت ندیم قریشی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور مہیندر پال نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین یونیک گروپ عفیف اشرف صدیقی، ریکٹر یونیک گروپ پروفیسر امجد علی خان، ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چودھری، ایڈیشنل ڈائریکٹر یونیک گروپ سید ندیم عالم ، منیجر میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز زنیئر چودھری کے علاوہ مہمانوں ، اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد موجود تھی۔
کشمیر کی جدوجہد کیلئے نوجوانوں کا کردار اہم:مشعال ملک
