اتحاد ، ایمان اورتنظیم کی مدد سے ہم اپنی راہ میں آنے والے کسی بھی چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں، عارف علوی کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام
صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کا دنیا کو نوٹس لینا چاہئے،اتحاد ، ایمان اورتنظیم کی مدد سے ہم اپنی راہ میں آنے والے کسی بھی چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یوم ِپاکستان کے موقع پر ، ہم بانیانِ پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی خدمات اور قربانیوں سے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کا قیام ممکن ہوا۔
آج ہم پاکستان کو ایک معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اس تاریخی دن پر ، ہم اپنے معاشرے کو پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے لئے انسانیت دوست، جامع اور روادار بنانے کی جدوجہد جاری رکھنے کا عہدکرتے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ہم اپنے بانیان وطن کی بصیرت کے مطابق اپنے ملک میں جمہوری اقدار ، قانون کی حکمرانی اور اسلامی طرز ِزندگی کو برقرار رکھنے کا بھی عہد کرتے ہیں۔
اس دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جنہیں ہندوستانی سیکیورٹی فورسز نے سات دہائیوں سے محکوم بنا رکھا ہے، انہیں بدترین جبر اور ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے،ہم اپنے کشمیریوں بھائیوں کے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں،غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کا دنیا کو نوٹس لینا چاہئے، جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلیے جموں و کشمیر کے تنازعہ کا سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
