بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی سوشل پیس فورم کے زیر اہتما م ضلع راجوری کی تحصیل کالا کوٹ میں مقبوضہ جموںو کشمیر کی موجودہ صورتحال اور مسئلہ کشمیر کے بارے میں عوامی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور سوشل پیس فورم کے چیئرمین دیویندر سنگھ بہل نے کالاکوٹ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پارٹی نے ضلع نوشہرہ، سندربنی ، جموں اور دیگر علاقوں میں بھی لوگوں کو مسئلہ کشمیر کے بارے آگاہی فراہم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کسی خاص مذہب یا فرقے سے تعلق رکھنے والے لوگوںکا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پوری کشمیری قوم کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام دیرینہ تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔
دیویندر سنگھ بہل نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے اعلان کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاکہ اس کا سب سے زیادہ فائدہ کشمیریوں کو ہوگا کیونکہ وہ کنٹرول لائن پر مسلسل فائرنگ سے سب سے بری طرح نشانہ بن رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیںہے اور ہم بھارت اور پاکستان دونوںسے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات شروع کریں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیاجاتا خطے میںپائیدار امن واستحکام قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی دونوںہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان تمام تصفیہ طلب مسائل خود بہ خود حل ہوجائیں گے کیونکہ تنازعہ کشمیر ہی ان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے ۔
انہوںنے کہاکہ حریت کانفرنس کا یہی موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے جس کیلئے انہوںنے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے مسئلہ کشمیر کے حل میں مسلسل رکاوٹیں ڈال کر جموںو کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو طول دینے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ان حربوں سے کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق ،حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہونگے اور سوشل پیس فورم نے اسی سلسلے میں کشمیری عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے مہم شروع کررکھی ہے ۔ پروگرام میں چیئرمین دیویندر سنگھ بہل کے علاوہ سردار منجیت سنگھ، ہربجن سنگھ، اشہار سنگھ، شہالندرسنگھ، رسدیپ سنگھ، امرجیت سنگھ، بلونت سنگھ، ستنام سنگھ، دلجیت سنگھ، پردیپ سنگھ، چرن جیت سنگھ اور دیگر نے شرکت کی۔
